سابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس وائی قریشی جامعہ نگر میں حقِ رائے دہی پر آج خطاب کریں گے
یہ پروگرام آج دوپہر 3.00 بجے سے شام 5.00 بجے تک سیدین منزل، 267 اے، گل موہر انکلیو، جامعہ نگر میں منعقد ہوگا
نئی دہلی: (ایشیا ٹائمز نیوز ڈیسک ) جامعہ کلیکٹو کے زیرِ اہتمام “حقِ رائے دہی کے تحفظ میں الیکشن کمیشن کا کردار” کے موضوع پر ایک عوامی لیکچر آج کو جامعہ نگر میں منعقد کیا جائے گا۔
اس پروگرام میں ہندوستان کے سابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس وائی قریشی بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کریں گے۔
منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا مقصد الیکشن کمیشن کے آئینی کردار اور آزاد، منصفانہ اور جامع انتخابات کو یقینی بنانے میں اس کی ذمہ داریوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ڈاکٹر قریشی، جنہوں نے بھارت کی انتخابی تاریخ کے ایک اہم دور میں الیکشن کمیشن کی قیادت کی، انتخابی شفافیت، ووٹروں کے حقوق اور جمہوری اداروں کو درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔
یہ پروگرام آج دوپہر 3.00 بجے سے شام 5.00 بجے تک سیدین منزل، 267 اے، گل موہر انکلیو، جامعہ نگر، نئی دہلی–110025 میں منعقد ہوگا۔
پروگرام میں ماہرینِ تعلیم، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مقامی باشندوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔جامعہ کلیکٹو کے مطابق یہ لیکچر مکالمے اور عوامی مباحثے کے ذریعے تنوع، تکثیریت اور آئینی اقدار کے فروغ کی اس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ پلیٹ فارم فنکاروں، دانشوروں اور سماجی کارکنوں کو قومی اہمیت کے امور پر غور و فکر کے لیے ایک ساتھ لاتا ہے۔منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پروگرام میں شرکت کرکے حقِ رائے دہی کے تحفظ اور ہندوستانی جمہوریت کے مستقبل سے متعلق بحث میں حصہ لیں۔

0 comments