جامعہ نگر کے طلبہ نے سیاسی لیڈران کو آئینہ دکھایا

پروگرام میں ۲۰ بچوں نے حصہ لیا ۔ پہلا انعام ۱۰۰۰ دوسرا ۷۵۰ اور تیسرا انعام ۵۰۰ سورسپئے سمیت سرٹیفکٹ اور مومنٹو پر مشتمل تھا۔


 نئی دہلی : (ایشیا ٹائمز نیوز بیورو ) سماجی  بیداری کیلئے یہ بات اہم مانی جاتی ہے کہ لوگ تعلیم، صحت اور صفائی کے ساتھ آس پاس کے اخلاقی ماحول کو بھی بنائے رکھیں۔ اسی حوالے سے جامعہ نگر کی سب سے معروف سماجی تنظیم والنٹیئرس آف چینج( وی اوسی) کی جانب سے اہم تقریری مقابلہ بعنوان ملی ماڈل اسکول ابوالفضل میں منعقد ہوا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق رجسٹرار پروفیسر خواجہ محمد شاہد تھے اور مہمان اعزازی کے طور انجینئر خلیق الزمان صاحب نے تقریب کو اعزاز بخشا۔

صدارت کی ذمے داری ڈاکٹر ایم اے جوہر نے نبھائی۔ پروگرام میں ۲۰ بچوں نے حصہ لیا ۔ پہلا انعام ۱۰۰۰ دوسرا ۷۵۰ اور تیسرا انعام ۵۰۰ سورسپئے سمیت سرٹیفکٹ اور مومنٹو پر مشتمل تھا۔ سبھی شرکاء کو انعامات دیئے گئے۔ حکم کے طور پر ڈاکٹر خالد مبشر( جامعہ ملیہ اسلامیہ) ڈاکٹر شاہینہ تبسم (ذاکر حسین کالج )اور ڈاکٹر شعیب رضا خان ( این آئی او ایس) نے اپنا گراں تعاون دیا ۔ اور اپنے اظہار خیال طلبہ کو مختلف انداز میں نصیحتوں سے نوازا۔

 

 پروفیسر خواجہ محمد شاہد نے کہاکہ  طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ سماجی اور علاقائی معاملات سے دلچسپی ان کی بلند ذہنی کی علامت ہے اور اس سے میدان عمل میں ان کو رہنمائی ملے گی۔ 

وی او سی کے موجودہ صدر ، تاسیسی رکن ، فعال سماجی کارکن جناب ڈاکٹر محمد علی جوہر نے کہاکہ طلبہ نے سماج کے سرکردہ افراد اور سیاسی لیڈران کو آئینہ دکھایا ہے اور ان کی کوشش رہی ہیکہ وی اوسی ہمشہ ایک مضبوط آواز بنکر ابھرے۔ اور الحمدللہ ہماری تنظیم کی کوشش سے ہی شاہین باغ میٹرو سے پل بناکر مسافروں کو شاہین باغ کی جانب بآسانی آمدورفت کی سہولت دی گئی ہے۔ انجینئر خلیق الزمان صاحب نے اپنی گفتگو میں کہاکہ طلبہ کو ہمیشہ سیکھتے رہنا چاہئے اور جہاں بھی کچھ بہتر سبق ملے اسے اخذ کرنا چاہئے۔

 پروگرام کی اہمیت وضرورت پر گریٹ انڈیا ویلفیئر فاؤںڈیشن کے چیئرمین اور وی او سی کے فعال رکن جناب نواراللہ خان نے کہاکہ طلبہ کی اپنے علاقے کے مسائل سے دلچسپی ایک اہم بات ہے۔ یہ پروگرام ان کے اندر بولنے کی ہمت پیدا کرے گا اور اس سے ان کی سماجی تربیت بھی ہوگی اور کل وہ ایک اچھے ، باشعور اور سنجیدہ شہری بنکر ملک وملت کی بہتر خدمت کیلئے تیار ہوں گے۔

علاقے کی گندگی ، بدترین حالت میں نالیوں اور گلی محلے کی صورت حال پر نئی نسل کی تشویش واقعی ایک قابل افسوس امر ہے جو کہ سنجیدہ افراد کیلئے سوچنے کا مقام ہے۔ پروگرام کی شان دار نظامت محمد طیب صاحب نے کی اور علاقے کی مشہور شخصیات بشمول احمد رضا، سیف الرحمان ندوی، ڈاکٹر زاہد احسن ، فیضان عارش صاحبان  وغیرہ کی موجودگی میں وسیع الرحمان صاحب کے کلمات تشکر کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

0 comments

Leave a Reply