این سی پی یو ایل کی سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح آج ، 90 سے زائد ملکی و غیر ملکی دانشوروں کی شرکت


نئی دہلی (ایشیا ٹائمز نیوز ڈیسک ) کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان اور اس کی تہذیبی خدمات کو اجاگر کرنے کے مقصد سے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے زیر اہتمام سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس 2026 کا افتتاح  آج  ہونے جا رہا ہے۔ یہ بین الاقوامی کانفرنس 06 تا 08 فروری 2026 تک نئی دہلی میں منعقد ہوگی، جس کا موضوع ہے ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘۔

کانفرنس کے انعقاد سے قبل آج قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغِ اردو بھون، جسولہ، نئی دہلی میں ایک اہم پریس میٹ کا اہتمام کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کانفرنس کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل ماضی میں بھی عالمی سطح کی اردو کانفرنسوں کا انعقاد کرتی رہی ہے، اور ایک وقفے کے بعد گزشتہ برس ’’وکست بھارت کا وژن، اردو زبان کا مشن‘‘ کے عنوان سے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ عالمی اردو کانفرنس کو اردو حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔

ڈاکٹر شمس اقبال کے مطابق، عالمی اردو کانفرنس 2026 اسی فکری و علمی تسلسل کی ایک مضبوط کڑی ہے، تاہم اس سال کا موضوع اپنے معنوی اور فکری دائرے میں نہایت منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تناظر میں ہندوستان کی کثیر لسانی حقیقت کو سمجھنے، اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اردو زبان کے تاریخی و عصری کردار کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

May be an image of text

انہوں نے مزید بتایا کہ تین روزہ کانفرنس میں افتتاحی اجلاس کے علاوہ متعدد تکنیکی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں ملک و بیرونِ ملک سے آئے ہوئے ممتاز دانشور مختلف علمی و فکری موضوعات پر اظہارِ خیال کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ اردو تہذیب کے رنگ نمایاں کرنے کے لیے مشاعرہ، شامِ غزل اور ہیومر باز جیسے ثقافتی پروگرام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد قومی اور بین الاقوامی سطح پر اردو زبان و تہذیب کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔ اسی مقصد کے تحت نوجوان محققین اور مقالہ نگاروں کو مختلف ذیلی موضوعات پر مقالے لکھنے کی دعوت دی گئی تھی، جن میں سے معیار کے مطابق منتخب ہونے والے تین نوجوان قلم کاروں کو کانفرنس میں شرکت اور مقالہ پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ شرکا کے انتخاب میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ ہندوستان کے تمام خطوں کی نمائندگی ہو، اور بزرگ ادیبوں و دانشوروں کے ساتھ ساتھ خواتین اور نئی نسل کے قلم کاروں کو بھی مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس عالمی کانفرنس میں ہندوستان کے علاوہ برطانیہ، سویڈن، فرانس، ماریشس، جاپان، مصر اور قطر سمیت مختلف ممالک سے قریب 90 ممتاز دانشور شرکت کر رہے ہیں۔

پریس میٹ میں اردو، ہندی اور انگریزی کے متعدد قومی و بین الاقوامی اخبارات اور میڈیا اداروں — جن میں یو این آئی، بی بی سی اردو، وائس آف امریکہ، نیوز 18، بھارت ایکسپریس، ایشیا ٹائمز، روزنامہ انقلاب، راشٹریہ سہارا، منصف ٹی وی سمیت دیگر میڈیا چینلز شامل ہیں — کے صحافیوں، مدیران اور نمائندوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔

آخر میں ڈاکٹر شمس اقبال نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ عالمی اردو کانفرنس 2026 کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب کی شناخت کو مضبوط کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی، اور اردو زبان کے ذریعے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے وژن کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔