ایران کا خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر جوابی حملہ، سعودی عرب کا ردعمل
ریاض،28 فروری (یو این آئی) سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت اور اردن میں امریکی اڈوں پر ایران کے جوابی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت اور اردن کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایران کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ہفتے کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مملکت نے برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ بھی کیا ہے کہ سعودی عرب ان ممالک کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی جانب سے کئے جانے والے کسی بھی اقدام کی حمایت کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں ان کے اختیار میں دیتا ہے۔
سعودی عرب نے ریاستوں کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں علاقائی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاسکتی ہیں۔
بیان میں سعودی عرب نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حملوں کی مذمت کرے اور ان ایرانی خلاف ورزیوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے جو خطے کے امن و امان کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔

0 comments